2
شیرِ میسور، ٹیپو سلطان شہید
انہیں یہ دیکھ کر دُکھ ہوا کہ حلوائی اور بچے اس کتے کو ٹیپو! ٹیپو! کہہ کر بُلا اور دھتکار رہے تھے۔ سرنگا پٹم کی خون آشام جنگ میں ٹیپو سطان کی شہادت کے بعد انگریزں نے کثرت سے کتوں کا نام ٹیپو رکھنا شروع کر دیا تھا۔ اور ایک زمانے میں یہ نام شمالی ہندوستان میں اتنا عام ہوا کہ خود ہندوستانی بھی آوارہ اور بے نام کتوں کو ٹیپو کہہ کر ہی بلاتے اور ہشکارتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔یہ جانے بغیر کہ کتوں کا یہ نام کیسے پڑا۔
باستشنائے نیپولین اور ٹیپو سلطان، انگریزوں نے ایسا سلوک اپنے کسی اور دشمن کے ساتھ روا نہیں رکھا۔ اس لیے کہ کسی اور دشمن کی ان کے دل میں ایسی ہیبت اور دہشت کبھی نہیں بیٹھی تھی۔ برصغیر کے کتے سو سال تک سلطان شہید کے نام سے پکارے جاتے رہے۔ کچھ برگزید شہید ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی آزمایش، عقوبت مُطہرہ اور شہادت عظمی ان کی موت کے ساتھ ختم نہیں ہوتی۔ رب جلیل انہیں شہادت جاریہ کی سعادت سے سرفراز فرماتا یے۔
(اقتباس: مُشتاق احمد یُوسفی کی کتاب "آب گم" سے)
Adiva Afafa (01-02-2013)